اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کرم ایجنسی میں بم دھماکوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین سمیت 4 ایف سی اہلکاروں کی نماز جنازہ ہیڈ کوارٹر ایف سی گراونڈ پاراچنار میں ادا کردی گئی۔ جس کے بعد شہداء کی میتیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اپنے اپنے آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئیں۔ کرم ایجنسی کے سرحدی خرلاچی میں اتوار کی صبح فرنٹیئر کور کے اہلکاروں پر بارودی سرنگوں کے تین دھماکوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین، شہید حوالدار جمعہ گل،شہید سپاہی سید باز اور سپاہی قادر خان کی نماز جنازہ ایف سی گراونڈ پاراچنار میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ، جی او سی میجر جنرل اظہر عباسی، بریگیڈیئر اختر علیم، کمانڈنٹ کرم ملیشیا کرنل راشد جاوید، پولیٹیکل ایجنٹ کرم بصیر خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کی میتیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اپنے اپنے علاقوں میں روانہ کردی گئیں۔ ایف سی گراونڈ پاراچنار میں شہداء کی میتیوں کو سلامی پیش کی گئی۔ اس موقع پر فضا سوگوار تھی۔ فورسز اہلکار اپنے شہید ساتھیوں کی آخری دیدار اشکبار آنکھوں کے ساتھ کررہے تھے۔ ایم این اے ساجد طوری، سینیٹر سجاد حسین طوری اور طوری بنگش قبائل کے رہنما حاجی نور محمد نے افغان سرحد کے قریب اس افسوسناک واقعے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے افغانستان سرحد کی نگرانی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کرم ایجنسی کے قبائل فورسز کے ساتھ ہیں۔


















۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲